پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ آزاد ہے، سیاست کو دور رکھنا چاہیے، اے سی سی کے شیڈول کااعلان کرنے سےقبل ہمیں ایک فون کرکےمشورہ کرلیتے۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے ازخود اے سی سی سالانہ کلینڈر کا اعلان کردیا۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی نے بھارتی اسپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اس پر ردّ عمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے سی سی کے شیڈول کااعلان کرنے سےقبل ہمیں ایک فون کرکےمشورہ کرلیتے، یکطرفہ طور پر اعلان کرنے کی ضرورت کیا تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب پوری ایشین کرکٹ کونسل موجود ہےتومشاورت ہی کرلیتے،ہم سےتو نہیں پوچھاگیا، یہ اچھی بات نہیں ہےکہ خود ہی اعلان کردیا،کسی کو پوچھا ہی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب ہےکہ اگلی مرتبہ جب میں صدر بنوں گا تو یہی راستہ اختیار کروں گا، ساری کونسل کا مؤقف جانے بغیر میں بھی گھربیٹھےاعلان کردوں تو یہ اچھی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف آپ چاہتےہیں پاکستانی ٹیم بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلے، دوسری طرف آپ کہتےہیں پاکستان آکرایشیا کپ نہیں کھیلنا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھارتی بورڈکےسیکریٹری جےشا کوجواب دے کر غصے کا اظہار نہیں کیا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ جےشا نےاس سےقبل بھی ایشیا کپ سے متعلق بیان دیا تھا، رمیز راجا نے بھی ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونی ہےتو کیا وہ بھی نہیں کھیلیں گے، اصول کی بات تو یہ ہےکہ آپ ہمیں دعوت نہ دیں تو ہم بھی نہیں آئیں گے، آپ کو بھی دعوت نہیں دیں گے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نے کہا کہ سب چاہتے ہیں پاک بھارت میچ ایک نہیں دو ہوں، اس سے ریونیو بھی ملتا ہے، فینز بھی دیکھتے ہیں، ہم تو کہیں گے ایشیا کپ پاکستان میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب بڑےممالک آچکےہیں اب تو سیکیورٹی ایشو نہیں ہے، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ اس سال آچکےہیں اب باقی کیا رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم درخواست نہیں کر رہے ہمارا حق ہے کہ آپ آئیں اور یہاں آکرکھیلیں، ملکوں میں لڑائی جھگڑے چلتے رہتےہیں، کرکٹ جاری رہنی چاہیے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کرانےکا جب ایشو اٹھا تو تب دیکھیں گے، ہم گورنمنٹ سے رابطہ کریں گے، گورنمنٹ اوکے کرےگی تو ہم بھی اوکےکردیں گے، اگر گورنمنٹ انکار کرے گی تو ہم بھی ’’نو‘‘ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلنےکا فیصلہ اُس وقت ہوگا جب گورنمنٹ کہےگی، گورنمنٹ کہےگی چلےجاؤ تو ہم چلے جائیں گے، گورنمنٹ کہےگی نہیں جائیں تو نہیں جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیوٹرل وینیو پر کھیلنےکی بات پتا نہیں کیوں کی جاتی ہے،یہ نیوٹرل وینیوکیا ہے، اس کا مطلب تو یہ ہےکہ جب ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کی بات ہو تو پھروہ بھی آسٹریلیا میں جاکرکھیل لیتےہیں۔
Comments are closed.