اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 152 کلو گرام منشیات برآمد اور 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا ہے کہ موٹر وے ٹول پلازہ کالا شاہ کاکو کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 21 کلو 600 گرام افیون برآمد ہوئی ہے، دوران کارروائی مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کالا شاہ کاکو کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 10 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے، برآمدہ ہیروئین گاڑی کے ٹائر (سٹپنی) میں چھپائی گئی تھی، بنوں کے رہائشی 2 ملزمان کو اس کارروائی گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے ہیروئن برآمد کی گئی ہے، 500 گرام ہیروئن بیڈ شیٹ میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی۔
ان کا بتانا ہے کہ کیچ اور گوادر میں دو کارروائیوں میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 100 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ہے جبکہ باجوڑ اور خیبر کے قریب بھی 2 کارروائیوں کے دوران چھپائی گئی 20 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.