ہفتہ 22؍صفر المظفر 1445ھ9؍ستمبر 2023ء

اے ایف سی انڈر 23 ایشین کوالیفائرز، پاکستان کو بحرین نے تین۔ایک سے ہرادیا

اے ایف سی انڈر 23 ایشین کوالیفائرز میں پاکستان کو بحرین نے تین۔ایک سے ہرادیا، گو کہ پاکستان میچ ہار گیا مگر عالمگیر غازی کے لانگ رینج گول نے پاکستانی فینز کے دل جیت لے۔

بحرین کے المحرق اسٹیڈیم میں ہونے والے گروپ ڈی کے میچ میں پاکستان کے خلاف بحرین نے 25ویں منٹ میں اس وقت برتری حاصل کرلی جب سید جواد حیدر نے فری کک پر گول کردیا۔ پاکستان کے گول کیپر سلمان اس کو جج کرنے میں پوری طرح ناکام رہے۔ 

دوسرے ہاف کے آغاز میں جواد نے ایک اور گول کرکے بحرین کی برتری کو دگنا کردیا اور اگلے ہی منٹ میں حسین عبدالکریم نے بحرین کی جانب سے تیسرا گول اسکور کردیا۔ یوں 48 اور 49 ویں منت میں یکے بعد دیگرے دو گولز کی بدولت بحرین کو تین۔صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔

71ویں منٹ میں پاکستان کے عالمگیر غازی نے بحرین کے گول کیپر عبداللّٰہ علی احمد کو آف لائن پا کر اپنے ہی ہاف سے گول کی جانب کک کرکے پاکستان کا واحد مگر شاندار گول اسکور کیا۔ گو کہ پاکستان تین۔ایک سے میچ ہار گیا مگر عالمگیر کے اس گول کو پاکستانی مداحوں نے بھرپور سراہا ۔

پاکستان ایونٹ میں آخری میچ منگل کو فلسطین کے خلاف کھیلے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.