
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں بیٹھے ذمہ داران کی وفاداری آئین کے ساتھ نہیں بلکہ کہیں اور ہی ہے۔ ہماری آپ سے کوئی دشمنی نہیں ہے، آپ نے دشمنی کرنی ہے تو ملک دشمنوں سے کرو۔
لاہور کے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ آئین پر عملدرآمد نہ کرنا، آئین کو توڑنا ہی آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون سے طاقتور کیا ہے؟ فواد چوہدری پر غداری، بغاوت کے مقدمے بنانے ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں آپ نے ملک کا جو حشر کیا ہے آپ کی تسلی نہیں ہوئی، آٹا 160 روپے کلو مل رہا ہے وہ بھی دو دو گھنٹے لائنوں میں لگ کر مل رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ نے آئی ایم ایف کے آگے ناک سے لکیریں لگا دی ہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ہماری تو آپ سے کوئی دشمنی نہیں ہے، دشمنی کرنی ہے تو ملک دشمنوں سے کرو۔
انہوں نے کہا کہ وہ کہتے ہیں ہمارے بڑے الیکشن کروانے کو تیار نہیں۔ جتنی بےچینی ہے وہ حکومتی ایوانوں میں ہی ہے، وہ اس وقت ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کو بھول گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ بروقت شفاف انتخابات ہونے دیں، ہمارا فرنٹ ڈور اور بیک ڈور یہی مطالبہ ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ گورنر بولنے سے پہلے چوٹی کے قانون دانوں سے مشورہ کرلیں، ہزیمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتوں اور معزز جج صاحبان کا بہت بڑا کردار ہے، عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ انصاف فراہم کریں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ انتخابات نہیں کروائے جاتے تو ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف جلدی ٹھیک ہوں گے، ان کا بھی بڑا چھوٹا آپریشن اڈیالہ جیل میں ہوگا۔
Comments are closed.