بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایک یوٹیوبر نے مہدی کاظمی کی بہن کو ہراساں کیا: جبران ناصر

کراچی سے لاہور جاکر پسند کی شادی کرنے والی دُعا زہرا کے والد مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک یوٹیوبر نے مہدی کاظمی کی چھوٹی بہن کو انٹرویو میں پیش ہونے کے لیے ہراساں کیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں جبران ناصر نے کہا کہ آج مہدی کاظمی کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے پر خوفزدہ ہوں۔ ایک یوٹیوبر، جس نے اپنا تعارف فیصل کے طور پر کرایا، مہدی کاظمی صاحب کے گھر گیا جو گھر پر نہیں تھے۔

جبران ناصر نے کہا کہ ان کی غیر موجودگی میں کاظمی صاحب کی چھوٹی بہن نے دروازہ کھولا لیکن دروازہ کھولنے سے پہلے دریافت کیا کہ یہ کون ہے اور آنے کا مقصد کیا ہے۔

وکیل جبران ناصر نے بتایا کہ یوٹیوبر نے کہا کہ وہ انٹرویو لینا چاہتا ہے، بہن نے اسے بتایا کہ مہدی صاحب گھر پر نہیں ہیں اور اگر ان کا کوئی سوال ہے تو وہ وکلاء سے بات کر سکتے ہیں۔

جبران ناصر کے مطابق یوٹیوبر نے جانے سے انکار کر دیا اور پورے 15 منٹ تک خاتون کو بار بار دروازہ کھولنے کے لیے کہا اور ویڈیو انٹرویو پر اصرار کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ جو بھی قانونی کارروائی ضروری ہوگی ہم کریں گے لیکن اخلاقی اور معاشرتی طور پر ہم بحیثیت معاشرہ صرف چند لائکس اور شیئرز یا شاید پیسوں کی خاطر کیا کر چکے ہیں؟

جبران ناصر نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے معاملے میں یوٹیوب اب تک سب سے زیادہ غیر ذمہ دار فریق رہا ہے جس نے اس کیس کے حوالے سے ہر قسم کی گندگی شائع کرنے کی اجازت دی ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یوٹیوب گھناؤنے مجرمانہ جرائم کے شکار بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کمیونٹی کی زیادہ پرواہ نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ دعا زہرا بدھ کو لاہور سے کراچی منتقل ہونے کے بعد عدالت میں پیش ہوئیں، پولیس افسران نے دعا کو سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.