حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کومبارک ہو، آئین اور قانون کے تحت تبدیلی آئی ہے، ایک مسخرے کا دور تھا جو مُک گیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج فتح کا دن ہے، نااہل حکمران کو ہٹا دیا گیا ہے۔
فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہمارا مقصد انتقام نہیں ملک کو ترقی اور استحکام دینا ہے، نئی حکومت نے معیشت ٹھیک کرنی ہے عوام کی حالت بہتر کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کب کہا ہے کہ نیب کے ذریعے گرفتار کریں گے یا کیسز بنائیں گے؟ انتقام کی سوچ کے ساتھ وہ اقتدار میں آئے تھے، یہ وہ لوگ ہیں جو اقتدار کے بغیر گزارہ نہیں کر سکتے، تمام اقدامات جو یہ کر رہے ہیں آمرانہ ذہنیت کی عکاس ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ اصلاحات کے ساتھ ہم شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔
Comments are closed.