ہفتہ 12؍ذوالحجہ 1444ھ یکم؍جولائی 2023ء

ایک اوور میں 4 وکٹ، کیرئیر کا یادگار لمحہ ہے، شاہین آفریدی

فاسٹ بولر  شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں 4 وکٹ لینے کو کیرئیر کا یادگار لمحہ قرار دے دیا۔

ناٹنگھم ٹی 20 بلاسٹ کے دوران ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز کے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ  آفریدی نے زبردست پرفارمنس دکھائی ہے، انہوں نے پہلے ہی اوور میں 4 وکٹ لے کر مختصر طرز کی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

شاہین آفریدی نے برمنگھم بیئرز کے خلاف میچ کے پہلے ہی اوورز میں 4 وکٹیں لیں، انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو میں اس واقعے کو اپنے کیرئیر کا یادگار لمحہ قرار دیا۔

فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ٹی 20 بلاسٹ میں پہلے بھی 1 اوور میں چار وکٹیں لے چکا ہوں، زبردست پرفارمنس کے باوجود میچ ہارنے کا دکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شائقین نے گراؤنڈ میں جو سپورٹ دی لگتا تھا کہ میچ لاہور میں ہو رہا ہے، فینز کی سپورٹ ہو تو کوشش ہوتی ہے کہ بہترین پرفارمنس دیں۔

شاہین آفریدی نے یہ بھی کہا کہ عید پر کچھ خاص نہیں کیا، ہماری عید بس ایسے ہے کہ نماز پڑھ کر گھر آ گئے، وہ لوگ خوش قسمت ہیں جو فیملی کے ساتھ عید منا رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ الحمداللّٰہ ٹی 20 بلاسٹ میں اب تک کی پرفارمنس اچھی رہی، ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز کے ساتھ جو وقت گزارا اسے خوب انجوائے کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.