قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے چاروں صوبوں میں ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا، جس کے اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے377 ارب 23 کروڑ سے زائد رقم خرچ ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق زرعی شعبے کی بہتری کےلیے منصوبے پر پہلے مرحلے میں 90 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے اور ملک بھر میں 1 لاکھ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
دوران اجلاس خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کےلیے 110 ارب 70 کروڑ سے زائد کا منصوبہ منظور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اسی منصوبے پر 30 کروڑ ڈالر عالمی بینک فراہم کرے گا جبکہ صوبائی حکومت 29 ارب 70 کرو ڑ روپے خرچ کرے گی۔
سندھ میں سولر انرجی منصوبے کےلیے 27 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں، عالمی بینک منصوبے کےلیے 10 کروڑ ڈالرز فراہم کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق 800 میگاواٹ کے مہمند ڈیم کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کےلیے 14 ارب31 کروڑ روپے سے زائد کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق لاہور کالا شاہ کاکو بائی پاس کا 34 ارب 44 کروڑ روپے سے زائد کا منصوبہ منظور ہوا ہے جبکہ پولیو کے خاتمے کےلیے 1 ارب 78 کروڑ ڈالرز سے زائد کا منصوبہ منظور کیا گیا۔
Comments are closed.