وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایکشن کے ڈر سے لوٹے ظاہر ہونا شروع ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 لوگوں کو 15 سے 20 کروڑ ملے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خچروں اور گھوڑوں کی منڈیاں لگ گئیں، باضمیر ہوتے تو استعفیٰ دیتے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسپیکر کو ان ضمیر فروشوں کو تا عمر نااہل قرار دینے کی کارروائی کرنی چاہیے۔
پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی سندھ ہاؤس میں موجود
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما راجا ریاض سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں، جہاں جیو نیوز نے ان سے خصوصی گفتگو کی۔
اینکر پرسن حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے، پارلیمنٹ لاجز پر حملے کی وجہ سے یہاں آئے۔
راجا ریاض نے انکشاف کیا کہ سندھ ہاؤس میں 24 اراکین قومی موجود ہیں جن میں سے 4 کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نواب شیر سیرو نے کہا کہ فواد چوہدری کو جپھی ڈال کر پارلیمنٹ میں جائیں گے، اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے۔
سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ چل رہی، گورنر سندھ
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ چل رہی، خرید و فروخت کا بازار لگا ہوا ہے، امید ہے اتحادی تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک طرف سچ ہے دوسری طرف جھوٹ ہے، دیکھنا یہ ہے کہ کون کہاں کھڑا ہوتا ہے۔
Comments are closed.