ایڈمنسٹریٹر کراچی، ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے پیپلز اسکوائر سے تمام غیرضروری مونومنٹ ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
پیر کے روز پیپلز اسکوائر کے اچانک دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیپلز اسکوائر کو چلانے والی کمپنی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ چارجڈ پارکنگ کے علاوہ کوئی انٹری فیس نہ رکھی جائے، یہ جگہ شہر کے لوگوں کی تفریح کے لئے بنائی گئی ہے۔
اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، کراچی نیبرہڈ پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر نذیر عیسانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت اور پروجیکٹ کے معیار کو فالو کیا جائے اور ہفتہ وار تعطیلات کو فیملی کے لئے مختص کیا جائے۔
اس موقع پر ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہفتے اور اتوار کے دن 10ہزار سے زائد لوگ پیپلز اسکوائر آتے ہیں، بعدازاں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے برنس گارڈن کا دورہ کیا اور اسے بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ 1927 ء میں قائم ہونے والابرنس گارڈن کراچی کے شہریوں کے لئے تعمیر ہونے والا قدیم ترین پارک ہے، لہٰذا اس کی تزئین و آرائش اس انداز میں کی جائے کہ شہری ایک بار پھر یہاں اپنی فیملی کے ہمراہ آکر بہتر تفریح سے محظوظ ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے قلب میں واقع یہ تفریحی گاہیں شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے بنائی گئی ہیں اور انہیں خوب سے خوب تر بنایا جائے گا۔
Comments are closed.