جمعرات 27؍صفر المظفر 1445ھ14؍ستمبر 2023ء

ایپل نے آئی فون 15 سیریز متعارف کروا دی

معروف امریکی کمپنی ایپل نے بالآخر رنگا رنگ تقریب میں’آئی فون 15‘ متعارف کروا ہی دیا۔

آئی فون کے دیوانے آئی فون 15 کی پہلی جھلک سامنے آنے پر ہی نئے فون کے دیوانے ہوگئے۔

ایپل نے اپنی اس نئی سیریز میں جدید اور حیران کن فیچرز کے ساتھ 4 نئے ماڈلز متعارف کروائے ہیں۔ ان 4 ماڈلز میں آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس شامل ہیں۔

کمپنی نے ہر بار کی طرح اس بار بھی اپنے صارفین کو نئی سیریز کے حیرت انگیز فیچرز کو خفیہ رکھ کر تجسس میں مبتلا رکھا۔

لیکن اب آئی فون 15 سیریز کے لانچ ہوتے ہی جدید اور حیرت انگیز فیچرز نے صارفین کے ہوش اُڑا دیے۔

1- آئی فون 15 پرو میکس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے فرنٹ ڈسپلے میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہے جوکہ دیگر تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔

2- آئی فون 15 کے چار میں سے دو نئے موڈلز آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو کی اسکرین 6.1 انچ جبکہ باقی دو موڈلز آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس کی 6.7 انچ ہے۔

3- آئی فون 15 اور 15 پلس میں اسکرین ریفریش ریٹ 60 ہرٹز ہے جبکہ پرو ماڈلز کے لیے 120 ہرٹز ہے۔

4- آئی فون 15 کے پرو ماڈلز میں سائیلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن لگایا گیا ہے۔

5- آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈلز میں ریم کو 6GB سے بڑھا کر8GB کر دیا گیا ہے جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں6GB ریم ہی دستیاب ہوگی۔

6- اس نئی سیریز میں آئی فون 15 اور 15 پلس میں اے 16 بائیونک چِپ جبکہ آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس اے میں 17 بائیونک چِپ ہے جس کے وجہ سے یہ زیادہ طاقتور اور تیز ہے۔

7- آئی فون 15 سیریز کے چاروں موڈلز میں یو ایس بی’سی چارجنگ پورٹ‘ موجود ہے جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے کئی برسوں سے کیا جا رہا تھا اور یورپی یونین نے بھی اس پورٹ کو لازمی قرار دیا تھا۔

کمپنی نے اپنی اس نئی سیریز کے تمام ماڈلز کے کیمرہ سیٹ اپ کو بھی اپ گریڈ کردیا ہے۔

اسی لیے آئی فون 15 پرو میکس کے مین اور الٹرا وائیڈ کیمرے کے ساتھ ساتھ نیا ٹیلی فوٹو کیمرا بھی موجود ہے،12.7 میگا پکسل کے اس ٹیلی فوٹو کیمرے میں پیری اسکوپ لینس موجود ہے جس کی مدد سے اب صارفین  5x سے 10x آپٹیکل تک زوم کر سکیں گے۔

آئی فون 15 اور 15 پلس میں دو کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے ان  کی پچھلی سائیڈ پر موجود ایک کیمرا 48 میگا پکسل اور دوسرا الٹرا وائیڈ کیمرا 12 میگا پکسل ہے۔

اسی طرح آئی فون 15 پرو کا مین کیمرا 48 میگا پکسل ہے جس کے ساتھ 12.7 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 13.4 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا بھی موجود ہے۔

پچھلی تمام سیرز کی طرح اس نئی سیریز کے بھی تمام ماڈلز کی قیمت ایک دوسرے سے مختلف ہے۔

آئی فون 15 کی قیمت کا آغاز 799 ڈالر یعنی تقریباً پاکستانی 2 لاکھ 40 ہزار روپے، آئی فون 15 پلس کی قیمت 899 ڈالرز یعنی تقریباً پاکستانی 2 لاکھ 70 ہزار روپے، آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالر یعنی تقریباً پاکستانی 3 لاکھ روپے جبکہ آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالر یعنی تقریباً پاکستانی 3 لاکھ 60 ہزار روپے سے ہو رہا ہے جوکہ ان ماڈلز کی اسٹوریج اور ٹیکسز لگنے کے بعد مزید بڑھ جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.