اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے رمضان المبارک کیلئے خصوصی ایس او پیز جاری کی گئی ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران ایمرجنسی کے علاوہ غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا تھاکہ اس رمضان کمیونٹی اور میڈیا کے ذریعے ماسک پہننے کی مہم چلائی جائے گی جبکہ تقریبات پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور ہر طرح کی مکمل پابندی ہوگی۔
جاری کی گئی رمضان ایس او پیز کے مطابق بازار سحری سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے اور افطاری سے رات بارہ بجے تک باہر کھانے کی اجازت ہوگی جبکہ سماجی، سیاسی، کھیلوں سمیت ہر قسم کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران ایمرجنسی کے علاوہ غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی اور رمضان میں رش سے بچنے کے لئے اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کا جائزہ لینے کےلیے اجلاس 20 اپریل کو ہوگا۔
سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگایا جائے گا اور لاک ڈاؤن کےدوران ایمرجنسی کےعلاوہ غیر ضروری نقل وحرکت پر پابندی ہوگی جبکہ وفاق کی اکائیاں اضلاع اورشہروں میں بیماری کا پھیلاؤ دیکھ کر اقدامات لے سکتی ہیں، وفاق کی اکائیاں چاہیں تو ایس او پیز کے حوالے سے مزید سخت اقدامات بھی کرسکتی ہیں۔
رمضان المبارک کے دوران کورونا کے تدارک کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا جس کے لیے کمیونٹی اور میڈیا کے ذریعے ماسک پہننے کی مہم چلائی جائے گی اور اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی۔
این او پیز کے مطابق نجی اور سرکاری دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی ہوگی اور گلگت بلتستان، کے پی، آزاد کشمیر میں سیاحت کے لیے سخت ایس او پیز ہونگے، مختلف جگہوں پر ٹیسٹنگ پوائنٹ بنائے جائیں گے جبکہ ریلوے کو 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلایا جائے گا۔
این او پیز کے مطابق کھیلوں اور ثقافتی میلوں سمیت دیگر تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی ، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن بند رہے گی اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ، سینما گھر اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے رمضان میں کورونا کے پھیلاؤ کو کم رکھنے کے لیے علما سے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی ہے ، علما رمضان المبارک میں اپنا کردار ادا کریں ، پچھلے رمضان میں علمانے بہت تعاون کیا تھا، ان کا کردار وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں بہت کارآمد ثابت ہوگا۔
واضح رہے ایس او پیز پر نظرثانی کرنے کیلئے آئندہ اجلاس10 رمضان المبارک کو ہوگا۔
Comments are closed.