خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 میں ضمنی الیکشن کے غیرسرکاری غیرحتمی نتیجے کے مطابق عمران خان پہلے جبکہ جے یو آئی کے جمیل خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
این اے 45 کرم ضمنی انتخاب میں 143 میں سے 140 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 20 ہزار 438 ووٹ لے کر آگے ہیں۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جمعیت علما اسلام کے جمیل خان 12 ہزار 449 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔
اس حلقے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پی ڈی ایم کے امید وار جمیل خان سمیت 16 امیدوار میدان میں ہیں۔
ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے ملک فخر زمان کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبد الرؤف خان کے مطابق اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 618 ہے۔
حلقے کے 143 پولنگ اسٹیشنز میں سے 24 انتہائی حساس اور 119 کو حساس قرار دیا گیا۔
گزشتہ روز ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مٹیریل کی ترسیل کی گئی تھی۔
Comments are closed.