کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 15 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں سب انسپکٹر نذیر احمد نے پولنگ اسٹیشن نمبر 129 خداداد کالونی میں میڈیا کو کوریج سے روک دیا۔
سب انسپکٹر نذیر احمد کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ہمارے پاس میڈیا کو کوریج کی اجازت دینے کا کوئی لیٹر نہیں ہے۔
سب انسپکٹر نے الیکشن کمیشن کا اجازت نامہ ماننے سے بھی انکار کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے ڈی آر او علی اصغر سیال کا کہنا ہے کہ این اے 245 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں میڈیا کو پولنگ اسٹیشن پر کوریج کی اجازت ہے۔
یہ بات ڈی آر او علی اصغر سیال نے پولنگ اسٹیشن نمبر 23 اور 25 پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن کا عملہ بروقت موجود تھا، جہاں پولنگ ایجنٹس نہیں پہنچے وہاں سیکیورٹی انچارج کے سامنے باکس سیل کیے جاتے ہیں۔
ڈی آر او علی اصغر سیال نے یہ بھی بتایا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 25 پر اب تک ایک ووٹ کاسٹ ہوا ہے۔
پولنگ اسٹیشن نمبر 88، 89، 125 اور 130 خدادا دکالونی میں ووٹنگ میں تاخیر ہوئی۔
پریزائیڈنگ افسران کے مطابق پولنگ ایجنٹس کے نہ آنے کی وجہ سے ان پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔
پولنگ اسٹیشن نمبر 125 اور 130 کے پریزائیڈنگ افسرکا کہنا تھا کہ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کا انتظار ہے، ان کی موجودگی میں بیلٹ باکسز سِیل ہوں گے۔
دوسری جانب پولنگ اسٹیشن نمبر 88 اور 89 کے پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے پولیس کی موجودگی میں بیلٹ باکسز سِیل کر دیے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ این اے 245 کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی اور مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز آئیں، قانون کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس اور مستعد رہیں، پولنگ میں بدامنی پھیلانے پر موقع پر گرفتاری کی جائے۔
انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلا امتیاز اور بلا تفریق ہر خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک رہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا مزید کہنا ہے کہ عوام افواہوں پر یقین نہ کریں، مصدقہ معلومات اور شکایات کے لیے صوبائی اور مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ این اے 245 میں ہرصورت میں شفاف اور پرامن ضمنی الیکشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس حلقے میں موجود کُل 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا چکے ہیں۔
این اے 245 میں پولیس کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز بھی تعینات ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کی یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔
حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے حق میں دست بردار ہو چکے ہیں۔
اس حلقے میں ڈاکٹر فاروق ستار آزاد امیدوار کے طور پر مقابلے میں موجود ہیں۔
تحریکِ لبیک کے محمد احمد رضا، پاک سر زمین پارٹی کے سید حفیظ الدین اور مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد بھی امیدوار ہیں۔
پی ای سی ایچ ایس، طارق روڈ، پی آئی بی کالونی، لائنز ایریا اور دیگر علاقوں کے لوگ آج اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔
Comments are closed.