پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما عبدالقادر مندوخیل نے کہا ہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حقلے این اے 242 میں پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ بھی انہیں ہی ملے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے عبدالقادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ 2021 کو پوری پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو میرے جیالوں نے شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ اس حلقے میں گیس، پانی سمیت اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہم کر چکے ہیں۔ شہباز شریف نے وزیراعظم بن کر بھی این اے 242 میں ایک روپیہ کا کام نہیں کیا۔
عبدالقادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ حلقے میں پی ٹی آئی کا ووٹ بھی مجھے پڑے گا۔ حلقے میں پی ٹی آئی کے ورکرز پہلے بھی میرے سپورٹرز تھے آج بھی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ دنگل نہیں، این اے 242 کی سیٹ ہم آسانی سے نکال لیں گے۔ حلقے میں پی ٹی آئی کے ورکرز نے میرا کام دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقے میں گیس کے مسئلے کے ذمہ دار شہباز شریف اور مصدق ملک ہیں۔ این اے 242 میں گیس لائن اور میٹر پر گزشتہ حکومت نے پابندی لگائی، میں نے سوال کیا جب آپ ووٹ مانگ رہے تھے تو لیز کاغذ کا نہیں پوچھ رہے تھے؟
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ گیس کے میٹرز کے لیے اب لیز کے کاغذات کا پوچھ رہے ہیں۔ این اے 242 میں، میں گیس لائنیں اور 24 ہزار گیس میٹرز بھی لگوا رہا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ جب شہباز شریف وزیراعظم بن کر کام نہیں کرسکے ایم این اے بن کر کیا کرلیں گے؟
پی پی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف کے کاغذات کے خلاف ٹریبونل میں اپیل مسترد کی اب ہائیکورٹ جائیں گے۔ شہباز شریف کا اٹارنی ہی ان کا تائید کنندہ اور تجویز کنندہ ہیں۔
Comments are closed.