قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کا فیصلہ تا حال نہ ہو سکا۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے تا حال اعتراض پر فیصلہ نہ ہونے کے باعث این اے 127 سے امیدواروں کی فہرست اب تک جاری نہ ہو سکی۔
این اے 127 لاہور سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کا جواب جمع کروا دیا گیا ہے، بلاول کے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز لکھا جانا انسانی غلطی ہے، اعتراض کنندہ اس حلقے کا نہیں نارووال کا رہائشی ہے۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 3 جنوری تک کی جا سکے گی۔
اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے، امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے، عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 28 ہزار 626 کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔
Comments are closed.