اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اے این ایف نے اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کوئٹہ میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے کار سے 36 کلو چرس برآمد کی اور پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ چرس کار میں لگے ہوئے گیس سلنڈر کے اندر چھپائی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ کی تلاشی کے دوران کپڑوں پر جذب شدہ آئس برآمد کی گئی۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق کپڑوں کا مجموعی وزن 16 کلو ہے، کارروائی میں مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
خیبر میں اے این ایف اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کی، جس میں پلاسٹک کے تھیلوں سے 15 کلو چرس اور ڈیڑھ کلو آئس برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قطر جانے والے ملزم کے پیٹ سے 75 آئس سے بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، ملزم کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق لاہور میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 کلو 600 گرام افیون اور 16 کلو 800 گرام چرس برآمد ہوئی، اس دوران اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 2 رہائشی ملزمان گرفتار کیے گئے۔
پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر کارروائی کے دوران تھائی لینڈ بھیجے جانے والے کنٹینر سے 17 لاکھ نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئی، برآمد ہونے والی گولیاں کپڑے کے بنڈلوں میں چھپائی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق کوئٹہ کچلاک روڈ کے قریب کار کے خفیہ خانوں سے 110 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی ، اس دوران گرفتار ہونے والے ملزم کا تعلق کچلاک سے ہی ہے۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
Comments are closed.