سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان وفاق سے ملے لولی پاپ پر خوش ہے، ایم کیو ایم کا کراچی سے صفایا اُن کے کرتوتوں کی وجہ سے ہوا۔
ایک بیان میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر امین الحق کی سندھ حکومت پر تنقید سمجھ سے باہر ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وزراء کو وفاقی حکومت نے لولی پاپ دیا، یہ اس پر خوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ لولی پاپ کھاؤ ہم کراچی کی خدمت کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وسیم اختر کہتے ہیں پی پی پی سندھ حکومت پر قابض ہے، وسیم بھائی آپ لوگ قبضہ کرنا جانتے ہیں، ہم عوام کے ووٹ پر آئے ہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وسیم اختر سے کوئی پوچھے کہ میئر کے طور پر انہوں نے کون سا کارنامہ انجام دیا؟
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا کراچی سے صفایا اُن کے کرتوتوں کی وجہ سے ہوا، اگر کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم کو مسترد کیا تو اس میں سندھ حکومت کا کیا قصور ہے؟
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پی پی پی کراچی کی سڑکیں، انڈر پاسسز، فلائی اوورز اور پانی کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم خوش ہونے کے بجائے اُلٹا سندھ حکومت پر تنقید کر رہی ہے۔
Comments are closed.