جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

ایم کیو ایم لندن کے دہشتگرد کی جے آئی ٹی میں سنسنی خیز انکشافات

کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار ایم کیو ایم لندن کے دہشتگرد واحد حسین کی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں، گرفتار ملزم ایم کیو ایم لندن کے دہشتگرد اور یورپ میں مقیم سلیم بیلجیئم کا قریبی ساتھی ہے۔

حکام کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ سلیم بیلجیئم کراچی میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے علاوہ یورپ میں ہی کئی سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم واحد حسین ایم کیو ایم لندن کے دہشتگرد سلیم بیلجیئم کا قریبی ساتھی ہے، اس کی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ہوگیا جس میں سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ سلیم بیلجئم مختلف یورپی ممالک سے پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، سلیم بیلجیئم نے سیاسی بنیادوں پر پناہ لی اور پھر وہاں کی شہریت حاصل کی، سلیم بیلجیئم براہ راست ایم کیو ایم لندن کی ٹارگٹ کلنگ ٹیمز کو احکامات دیتا ہے۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ گلستان جوہر میں سلیم بیلجیئم کے کہنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے میلاد پر حملہ کیا گیا، پی ایس پی کارکنان پر بھی سلیم بیلجیئم کے کہنے پر حملہ کیا گیا، جس پر بانی ایم کیو ایم نے واٹس ایپ پر شاباشی دی۔

حکام کے مطابق اس نے مزید انکشاف کیا کہ سلیم بیلجیئم یورپ میں پاکستانیوں کے لیے ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ میں ملوث ہے، سلیم بیلجیئم ویڈیو اور آڈیو سی ڈیز کے کاپی رائٹس کی خلاف ورزیوں میں بھی ملوث ہے، سلیم بیلجیئم لوگوں کو جعلی ایئر ٹکٹس کے ذریعے چیٹنگ میں ملوث ہے۔

سلیم بیلجیئم یورپ میں غیر قانونی طور پر رہائش پزیر لوگوں کو غیر قانونی ذرائع سے ملازمت کے حصول میں بھی ملوث ہے، وہ پاکستان میں دہشتگردی اور جرائم پیشہ گروہوں کے لیے فنڈنگ اکٹھا کر رہا ہے۔

ایم کیو ایم لندن کا دہشتگرد پاکستان میں دہشتگردی کے لیے حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے رقم منتقلی میں بھی ملوث ہے۔

حکام کے مطابق سی ٹی ڈی گرفتار دہشتگرد کے انکشافات پر مزید تحقیقات کر رہی ہے جبکہ ایک ملزم یورپ میں ہے جس پر وہاں کے قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.