پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ کل الیکشن میں بھرپور حصہ لیں۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری پارٹی ایم کیو ایم سے مسلسل رابطے میں ہے، مگر اب ہماری پارٹی بلدیاتی الیکشن کی تیاری کر رہی ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں خود کراچی میں موجود ہوں اور لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ شہر کی ترقی کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حیدرآباد کا میئر تو پیپلز پارٹی کا ہوگا، خواہش ہے کہ کراچی کا میئر بھی پیپلزپارٹی کا ہو۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کو سمجھاتے رہے لیکن سمجھانے میں ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا ایم کیو ایم کوئی غیر سیاسی فیصلہ کرے گی، وہ بہت پرانی جماعت ہے حیدرآباد اور کراچی کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں مذہبی اور لسانی سیاست سے آگے نکلنا چاہیے، جماعت اسلامی سے الیکشن میں ہمارا مقابلہ ہے، اس کے بعد ہم کراچی کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے، ہم کراچی کے تمام علاقوں میں سب کے ساتھ اتحاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب سب ملیں گے تو پھر صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کی مدد سے شہر کی خدمت کرسکیں گے، ہم نے پورے سندھ میں اپنی جماعت کے ٹکٹ سے بلدیاتی امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام لوگ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں، الیکشن ملتوی ہونے میں بہت خرچہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اتحاد کو بچانے کی پوری کوشش کی ہے، حلقہ بندیوں پر تمام سیاسی پارٹیوں کے اعتراضات موجود ہیں، سب سے زیادہ اعتراض پیپلز پارٹی نے کیے ہیں اور ان تمام اعتراضات کے باوجود ہم الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
Comments are closed.