متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے مردم شماری پر حکومتی رویہ غیر سنجیدہ قرار دیدیا۔
کنوینر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد میں اہم اجلاس ہوا۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس دوران مختلف تنظیمی امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مردم شماری کے اب تک کے اعداد و شمار پر شدید تحفظات ظاہر کیے گئے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق رابطہ کمیٹی نے مردم شماری پر حکمرانوں کے غیر سنجیدہ رویے کےخلاف تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ وفاقی وزراء سمیت متعلقہ حکام سے ملاقاتوں اور بے ضابطگیوں پر ثبوت و شواہد فراہم کرنے کے باوجود درست اعداد و شمار نہیں پیش کیے جارہے۔
ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق شہری سندھ خصوصاً کراچی کے ساتھ مردم شماری میں ہونے والی زیادتیوں پر آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
رابطہ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مزید مشاورت کے بعد عوام کو میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں سینئر ڈپٹی کنوینرز مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، نسرین جلیل، انیس قائمخانی، عبدالوسیم، کہف الوری اور دیگر ارکانین نے شرکت کی۔
Comments are closed.