
صوبہ خیبر پختون خوا اورسندھ میں ایم ڈی کیٹ کے دوباہ انعقاد کے لیے پی ایم ڈی سی کی ہدایات اور امیدواروں کی سہولت کے پیشِ نظر ایپلی کیشن پورٹل دوبارہ کھولا جائے گا۔
سیکریٹری صحت پنجاب علی جان کی صدارت میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں صوبائی داخلہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اس اجلاس میں سرکاری میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا اورسندھ میں ایم ڈی کیٹ کے دوباہ انعقاد کے لیے پی ایم ڈی سی کی ہدایات اور امیدواروں کی سہولت کے پیشِ نظر ایپلی کیشن پورٹل دوبارہ کھولا جائے گا۔
یاد رہے کہ خیبر پختون خوا اور سندھ میں ایم ڈی کیٹ 19 نومبر کو دوبارہ ہو گا۔
ان دونوں صوبوں میں ٹیسٹوں کا نتیجہ آنے کے بعد پنجاب میں ایپلی کیشن پورٹل دوبارہ کھولا جائے گا۔
پورٹل صرف انہی دونوں صوبوں میں ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کے لیے کھولا جائے گا۔
سرکاری میڈیکل کالجوں کے لیے پورٹل مزید 3 دن کے لیے جبکہ پرائیویٹ کالجز کے لیے ایپلیکیشن پورٹل مزید 2 ہفتے کے لیے کھولا جائے گا۔
سیکریٹری ہیلتھ پنجاب علی جان نے اجلاس میں کہا کہ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ شفاف طریقے سے ہوا۔
صوبائی داخلہ کمیٹی نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ڈومیسائل کی بنیاد پر ہونا چاہیے، موجودہ پالیسی کے تحت ایک صوبے میں ٹیسٹ منسوخ ہونے کا اثر باقی صوبوں کے داخلوں پر بھی پڑتا ہے۔
کمیٹی نے سفارش کی کہ پنجاب حکومت وفاق کے سامنے مسئلہ اٹھائے کہ اس قانون میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے جاری عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بریفنگ دی کہ اب تک سرکاری کالجز کے لیے 12 ہزار 363، نجی کالجز کے لیے 8865 درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ آج میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ ہے۔
احسن وحید راٹھور نے یہ بھی بتایا کہ پرائیویٹ کالجز کی فیس وصولی کے حوالے سے پالیسی میں معمولی رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایسے امیدوار جن کا داخلہ ان کی پہلی چوائس پر ہو گا وہ اپنی ساری فیس متعلقہ کالج میں جمع کروائیں گے اور وہ امیدوار جو داخلے کے بعد اپ گریڈیشن کے خواہاں نہیں ہوں گے انہیں اپنی مکمل فیس کالج میں جمع کروانا ہو گی۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس نے بتایا کہ یو ایچ ایس کی پالیسیوں کی پاسداری کا بیانِ حلفی دینے والا کالج امیدواروں سے مکمل فیس وصول کر سکے گا۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ تحریری بیانِ حلفی کے تحت کالج کو ایک ہفتے کے اندر سیٹ چھوڑنے والے امیدوار کو تمام فیس واپس کرنا ہو گی۔
Comments are closed.