بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایم ڈی کیٹ کا امتحان تاحکم ثانی روک دیا گیا ہے، عبدالقادر پٹیل

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان تاحکم ثانی روک دیا گیا ہے، ایم ڈی کیٹ کے امتحانات صوبوں کی مشاورت سے رکھے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ رجسٹریشن کے لیے پورٹل مزید 2 ہفتوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان گریجویٹ کے لیے این ایل ای کے امتحانات میں تبدیلی کی جائے گی، غیر ملکیوں کے لیے این ایل ای کا امتحان برقرار رہے گا، پاسنگ شرح ایم بی بی ایس کے لیے 65 فیصد اور بی ڈی ایس کے لیے 55 فیصد تھی، ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے پاسنگ شرح 10 فیصد کم کردی ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ جبری برطرف ملازمین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ایم سی کو تحلیل کیا گیا تھا، پی ایم سی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

 عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پروفیسر نوشاد شیخ پی ایم سی کے نئے صدر منتخب ہوئے، نئی پی ایم سی وجود میں آئی جس کا آج پہلا اجلاس ہوا، ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث 10 ہزار طالب علم چین، روس جا کر پڑھ رہے تھے۔

وزیر صحت نے کہا کہ ملک سیلاب سے متاثر ہے دوست ممالک بھی مدد کر رہے ہیں، غریبوں کا پیسہ صحت کارڈ کے ذریعے امیروں پر لگا، ہم کوئی انتقامی کارروائی نہیں کرنا چاہتے اس لیے صحت کارڈ پر کچھ فیصلہ نہیں کیا۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ اس وقت ملک سیلاب کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے، صوبے اور وفاق اپنے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے مصروف ہیں، 1300 لوگوں کی اب تک جانیں جا چکی ہیں لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے۔ سندھ پورا سیلاب کی صورتحال اختیار کر چکا ہے، وفاق کروڑوں کی ادویات فراہم کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین حاملہ خواتین کا معاملہ کابینہ میں اٹھایا گیا ہے، حاملہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے کابینہ نے کمیٹی بنا دی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.