جمعہ 18؍رجب المرجب 1444ھ10؍فروری 2023ء

ایمنڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، میڈیا کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر غور

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ ) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا۔

ایسوسی ایشن کے صدر اظہر عباس کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد سے ایمنڈ کے عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں ملک میں میڈیا کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر غور کیا گیا۔

اجلاس وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پیکا ایکٹ کی واپسی کا اپنا وعدہ پورا کرے اور میڈیا قوانین میں کسی بھی قسم کی ترامیم اور اس کے نفاذ سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے، بعض صحافیوں کے خلاف غداری کے مقدمات کے اندراج اور انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔

ایمنڈ نے پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو جاری کیے گئے نوٹسز پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ بھی طے کیا کہ ایسوسی ایشن کا نمائندہ وفد اس سلسلے میں چیئرمین پیمرا سے ملاقات کرے گا۔

اجلاس میں صحافتی ضابطہ اخلاق پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پروڈیوسرز اور رپورٹرز کی تربیت کا اہتمام کرنے اور آزادی صحافت کے دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ میں جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے نفاذ کو سراہا گیا، وفاق اور باقی صوبوں پر بھی زور دیا گیا کہ وہ بھی صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔

ایمنڈ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر میڈیا کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا، اس موقع پر نیوز ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کی ایسوسی ایشن میں شمولیت اور آٹھ نئے ممبران کے ناموں کی منظوری بھی دی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.