بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایمازون کے جنگل میں چار ہفتوں سے لاپتہ ہونے والے دو بھائی مل گئے

ایمازون کے جنگل میں چار ہفتوں سے لاپتہ ہونے والے دو بھائی مل گئے

ایمازون کے جنگلات

،تصویر کا ذریعہGetty Images

برازیل میں دو لاپتہ بھائی تقریباً چار ہفتوں بعد ایمازون کے جنگل سے مل گئے ہیں جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

گلاؤکو اور گلیسن فریرا آٹھ اور چھ برس کے ہیں۔ دونوں بھائی چھوٹے پرندوں کا شکار کرتے ہوئے 18 فروری کو ایمازوناس سٹیٹ میں مانیکور کے مقام پر جنگل میں گُم ہو گئے تھے۔

درختوں کی کٹائی کرنے والے ایک مقامی شخص کو اتفاق سے یہ دونوں بچے منگل کو جنگل میں نظر آ گئے۔

اب یہ امید کی جا رہی کے اتنے دن غذا کی کمی کا شکار ہونے والے یہ بچے ہسپتال میں علاج کے بعد مکمل طور پر صحت مند ہوجائیں گے۔

جب سے یہ بچے لاپتہ ہوئے تو سینکڑوں مقامی افراد نے ہفتوں ان کی تلاش جاری رکھی۔ بارش کے موسم میں ایمازون میں چلنا پھرنا مشکل ہو جاتا ہے لیکن یہ بچے پھر بھی کہیں دور نکل گئے۔

ایمرجنسی سروسز نے 24 فروری کو ان بچوں کی تلاش کا عمل روک دیا تھا۔ مگر اخبار ایمازونیا رئیل کے مطابق مقامی افراد نے ان بچوں کی تلاش جاری رکھی۔

اخبار کے مطابق تقریباً چار ہفتوں کے بعد لاگو کپانا کے گاؤں پالمیریا سے چھ کلومیٹر دور ایک لکڑہارے کی ان بچوں پر اتفاقاً نظر پڑ گئی۔

ان لاپتہ لڑکوں میں سے ایک نے جب ایک مقامی شخص کو قریب درختوں کو کاٹتے ہوئے سنا تو اس نے مدد کے لیے آواز دی۔ اس لکڑہارے نے ان دونوں لڑکوں کو جنگل میں زمین پر گرے ہوئے پایا اور ان کی بھوک اور کمزوری کی وجہ سے جلد پر بہت سی خراشیں تھیں۔

ان بچوں نے اپنے والدین کو بتایا کہ انھوں نے گمشدگی کے عرصے میں کچھ بھی نہیں کھایا اور صرف بارش کے پانی سے پیاس بجھائی۔

گلوبو اخبار کے مطابق ان کو فوری طور پر مینیکور کے ایک ہسپتال بھیجا گیا اور پھر اس کے بعد انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے جمعرات کی صبح مناؤس کے ایک اور ہسپتال میں لے جایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب لوگ ایمازون کے جنگلات میں گم ہوئے ہوں۔

گذشتہ برس جنوری میں پائلٹ انتونیو سینا نے اپنے طیارے کے حادثے کے بعد برازیل کے ایمازون کے جنگل میں آبادی سے کہیں دوردراز 36 دن تک گمشدگی میں گزارے۔

سنہ 2008 میں ایمازونیا رئیل نے خبر دی کہ ایک مقامی 18 برس کا لڑکا 50 دن تک ایمازون کے ایک دور افتادہ علاقے میں شکار کے بعد گم ہو گیا تھا، اور اس کے ملنے کے فوراً بعد ہی اس کی موت واقع ہو گئی تھی۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.