جمعرات 23؍شعبان المعظم 1444ھ16؍مارچ 2023ء

ایلیمنیٹر 1: پشاور زلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

پشاور زلمی کے کپتان نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے ایلیمنیٹر 1 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنی اننگز کے دوران 35واں رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنرز بابر اعظم اور صائم ایوب نے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ پانچویں اوور میں اس مجموعے پر صائم ایوب محمد وسیم کی گیند پر 23 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

نوجوان بلے باز حسیب اللّٰہ خان بجھے بجھے نظر آئے، انہوں نے 11 گیندوں پر 15 رنز کی اننگز کھیلی اور کپتان کے ساتھ 36 رنز کی پارٹنرشپ بناکر شاداب کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے۔ 

بابر اعظم نے ایک جانب رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے محمد حارث کے ساتھ مل کر 41 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ 

کپتان بابر اعظم 137 کے مجموعے پر 64 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ 

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد 34 رنز بنانے والے محمد حارث پویلین لوٹے جبکہ جمی نیشم 2 اور عامر جمال 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔  

اختتامی لمحات میں عظمت اللّٰہ نے 10 اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 16 رنز کی اننگز کھیلی، یوں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹیں گنوا کر 183 رنز کا ہندسہ بورڈ پر سجایا۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے دو وکٹیں لیں، جبکہ فضل حق فاروقی، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، رحمان اللّٰہ گرباز، صہیب مقصود، کولن منرو، اعظم خان، فہیم اشرف، مبصر خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور فضل حق فاروقی شامل ہیں۔

بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پشاور زلمی کی ٹیم صائم ایوب، حسیب اللّٰہ، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، جمی نیشم، عامر جمال، مجیب الرحمان، عظمت اللّٰہ عمرزئی، وہاب ریاض اور سلمان ارشاد شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 12 پوائنٹس اور خراب رن اوسط کے گروپ اسٹیج کے اختتام پر تیسرے نمبر پر رہی۔ 

پشاور زلمی کی ٹیم پانچ میچز میں کامیابی حاصل کرکے 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔

واضح رہے کہ اس میچ کی فاتح ٹیم دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.