ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے جواب میں موجودہ صحافت کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے صحافی مائیکل سیکنولفی (michael siconolfi) نے اپنے ٹوئٹ میں گوگل کے شریک بانی سرگئی برن اور ان کی اہلیہ نکول شاناہان کے درمیان ہونے والی طلاق کی وجہ ایلون مسک کو قرار دیتے ہوئے نیوز رپورٹ شیئر کی ہے۔
ٹوئٹر پر متحرک رہنے والے ایلون مسک نے مائیکل سیکنولفی کے ٹوئٹ پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان تمام تر خبروں کی تردید کی اور موجودہ دور میں ہونے والی صحافت کی تعریف پیش کر دی۔
ان کے مطابق 99 فیصد صحافت انٹرنیٹ پر کسی دوسرے کی خبر پڑھ کر اس میں کچھ رد و بدل کر کے شائع کرنے کا نام ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ عجیب بات یہ ہے کہ کچھ پبلیکیشنز اس کے باوجود بھی روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کاپیاں چھاپ رہی ہیں۔
اسپیس ایکس کے بانی کے اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی بچپن میں اخبار ڈالنے کا کام کیا ہے؟
جس پر ایلون مسک نے طنزیہ جواب دیا کہ جی ہاں، لیکن یہ 8000 برس پہلے کی بات ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک اور گوگل کے شریک بانی سرگئی برن گہرے دوست ہیں لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق سرگئی برن اور ان کی اہلیہ نکول شاناہان کے درمیان ہونے والی طلاق کی وجہ ایلون مسک اور نکول شاناہان کے تعلقات کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ایلون مسک نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
Comments are closed.