پیر10؍شوال المکرم 1444ھ یکم مئی 2023ء

ایلون مسک ٹوئٹر ملازمین کیلئے نئی مشکل کھڑی کرنے کو تیار

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک ٹوئٹر کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے نئی مشکل کھڑی کرنے جا رہے ہیں۔

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی 50 فیصد افرادی قوت کو فارغ کرنے کے بعد اب کمپنی کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے ایک اور سخت اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی ٹیک رپورٹر، کیٹ کونگر کے ایک ٹوئٹ کے مطابق ٹوئٹر کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو والدین بننے پر تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں (پیڈ پیٹرنل لیوز) کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر اب اپنے ملازمین کو والدین بننے پر 20 ہفتوں (چار ماہ) کی بجائے  2 ہفتوں کی چھٹی دے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق والدین کی چھٹیوں کی پالیسی میں تبدیلی سے متعلق ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے تاحال  کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک ٹوئٹر کمپنی کی پوری کمیونیکیشن ٹیم سمیت 50فیصد ملازمین کو فارغ کر چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر ملازمین کو پہلے والدین بننے پر 20 ہفتوں کی چھٹیاں بمعہ تنخواہ ادا کی جا رہی تھیں، چھٹیوں کی پالیسی میں یہ نئی تبدیلی اخراجات بچانے کے لیے کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایلون مسک کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ ٹوئٹر کو چلانے کے لیے زیادہ ملازمین کی ضرورت نہیں ہے، برطرفی کے علاوہ، مسک نے ملازمین کو دی جانے والی کئی مراعات میں بھی کمی کی ہے جیسا کہ دوپہر کا مفت کھانا وغیرہ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.