معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک بھی پاکستان کی سب سے مشہور میم سے متاثر نظر آ رہے ہیں۔
ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی حکومت کی منشیات کے حوالے سے بنائی گئی پالیسی پر طنز کرنے کے لیے پاکستان کی سب سے مشہور میم کا استعمال کیا ہے۔
یہ میم مشہور پاکستانی کرکٹ فین، صارم اختر کی تصویر ہے جس میں وہ پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے میچ کے دوران آصف علی کی جانب سے ایک کیچ چھوڑے جانے پر دُکھ اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
کرکٹ کے متوالے صارم اختر کا یہ ردِ عمل بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا اور اُن کی یہ تصویر بطور میم استعمال کی جانے لگی تھی۔
ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹ میں اس میم کے ذریعے امریکا میں منشیات کا استعمال کرنے والوں کے چہروں پر جیلوں میں قید کیے جانے کے بعد نظر آنے والی مایوسی کی تصویر کشی کرتے ہوئے لکھا کہ’شاید یہاں بھی منشیات کے استعمال کے جرم میں کچھ لوگوں کو جیل سے رہا کر دیا جائے؟
اُنہوں نے یہ میم امریکی اولمپک گولڈ میڈلسٹ برٹنی گرائنر کے ساتھ ماسکو کے شیرمیٹیوو ایئر پورٹ پر ہونے والے واقعے کے حوالے سے شیئر کی ہے۔
17 فروری کو مبینہ طور پر برٹنی گرائنرکو شیرمیٹیوو ایئر پورٹ سے ان کے سامان میں سے چرس کے تیل پر مشتمل ویپ کارتوس برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اوراس وقت وہ روس کی ایک عدالت میں مقدمے کا سامنا کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل امریکی حکّام نے روس سے گرائنر اور سابق امریکی میرین پال وہیلن کو وطن واپس لانے کے لیے ایک معاہدے کی پیشکش کی تھی، جس کے بعد روس نے ان دو امریکیوں کو رہا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
Comments are closed.