پیر4؍ربیع الثانی 1444ھ31؍اکتوبر 2022ء

ایلون مسک نے ٹوئٹر ملازمین کی برطرفی سے متعلق خبر کی تردید کردی

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں ٹوئٹر ملازمین کی برطرفی سے متعلق شائع ہونے والی خبر کی تردید کردی ہے۔

امریکی اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ نے اپنی ایک خبر میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایلون مسک یکم نومبر سے پہلے ٹوئٹر کے ملازمین کو برطرف کردیں گے تاکہ واجب الادا اسٹاک گرانٹ سے بچا جاسکے۔

اس خبر کے سامنے آنے پر برطرفی سے متعلق پوچھنے والے ایک ٹوئٹر صارف کو ایلون مسک نےجواب دیتے ہوئے لکھا کہ’یہ خبر غلط ہے‘۔

نیویارک ٹائمز نے ہفتے کے روز یہ خبر دی ہے کہ ایلون مسک نے پوری کمپنی سے کافی ملازمین کو برطرف کرنے کا حکم دے دیا ہے اور کمپنی سے ملازمین کو نکالنے کا عمل یکم نومبر سے قبل ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر کے ملازمین نے یکم نومبر کو اسٹاک گرانٹ حاصل کرنے کا پروگرام بنایا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کنٹرول سنبھالتے ہی ٹوئٹر کے کچھ ایگزیکٹوز کو برطرف کردیا ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ایگزیکٹوز کو جعلی اکاؤنٹس کی تعداد پر اُنہیں اور ٹوئٹر کے سرمایہ کاروں کو گمراہ کرنے کے الزام میں برطرف کیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق، برطرف ہونے والے 3 ایگزیکٹوز، سی ای او پیراگ اگروال، سابق سی ایف او نیڈ سیگل اور سابق چیف لیگل آفیسر وجے گاڈے کمپنی سے تقریباً 187 ملین ڈالرز وصول کرنے کے بعد کمپنی چھوڑیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.