منگل5؍ربیع الثانی 1444ھ یکم؍نومبر2022ء

ایلون مسک نے ’بُلو ٹِک‘ اکاؤنٹس پر فیس وصولی کی وجہ بتا دی

معروف امریکی مصنف اسٹیفن ایڈون کنگ نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی اور ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر فکشن رائٹر اسٹیفن ایڈون کنگ نے ’بُلو ٹِک‘ یعنی تصدیق شدہ ٹوئٹر صارفین کے لیے ٹوئٹر بلیو ممبرشپ متعارف کروائے جانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

رائٹر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بُلو ٹِک رکھنے کے لیے ’20 ڈالر ماہانہ۔۔! بھاڑ میں جاؤ، ٹوئٹر انتظامیہ کو مجھے معاوضہ دینا چاہیے۔ اگر اس فیس کا نفاذ ہوگیا تو میں بھی ’ایئرون‘ کی طرح ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کردوں گا‘

ٹوئٹر پر متحرک رہنے والے ایلون مسک نے اسٹیفن ایڈون کنگ کو فوری جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں بھی اپنے گھر کے بلز ادا کرنے ہوتے ہیں، ٹوئٹر صرف اشتہارات پر نہیں چل سکتا‘۔

ایلون مسک نے نارض صارف کی ناراضگی دور کرنے کی خاطر سوال کیا کہ ’اگر یہ فیس 8 ڈالر کر دی جائے تو؟‘۔

انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ ’اس فیس کے نفاذ سے قبل اس کی طویل وضاحت پیش کروں گا کہ یہ کیوں ضروری۔ 

تاہم انہوں نے تصدیق شدہ اکاؤنٹس پر فیس وصولی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جعلی اکاؤنٹس اور ٹرول کو شکست دینے کا واحد طریقہ ہے۔

واضح رہے کہ ’ٹوئٹر بلیو‘ پچھلے سال متعارف کروایا گیا ایک بامعاوضہ ماہانہ ممبر شپ پلان ہے جو ٹوئٹر کی پریمیم سروسز تک خصوصی رسائی فراہم کرتا ہے۔

فی الحال یہ سبسکرپشن سروس امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.