بدھ 21؍رمضان المبارک 1444ھ12؍اپریل 2023ء

ایلون مسک نے بالآخر ٹوئٹر خریدنے کی وجہ بتادی

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے بالآخر 6 ماہ بعد ٹوئٹر خریدنے کی وجہ بتادی۔

ایلون مسک نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ٹوئٹر کو خریدنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے ٹوئٹر کو اس لیے خریدا کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ مجھے اسے خریدنا چاہیئے۔

اُنہوں نے بتایا کہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو بہتر بنایا جائے گا کیونکہ میرا مقصد اسے ایک مستند ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ کوئی نظام مثالی نہیں ہوتا مگر ہمارا مشن ٹوئٹر کو ہر ممکن حد تک سچ بولنے والا بنانے کی کوشش کرنا ہے۔

ایلون مسک سے ٹوئٹر کے سی ای او کے طور پر گزارے گئے وقت کے بارے میں پوچھا گیا تو جواب میں اُنہوں نے اعتراف کیا کہ ٹوئٹر کو چلانا بہت تکلیف دہ اور مشکل کام ہے لیکن یہ بیزار کن نہیں بلکہ کسی رولر کوسٹر کی طرح ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ بہت زیادہ تناؤ میں گزرے مگر اس کمپنی کو خریدنا درست فیصلہ تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اکثر میں دفتر میں ہی لائبریری کے ایک صوفے پر سوتا ہوں۔

ایلون مسک نے بتایا کہ اب حالات کافی حد تک بہتر ہو گئے ہیں اور آنے والے مہینوں میں کمپنی کے مالی حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔

انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ اگر کوئی درست فرد ملا تو وہ اس سوشل میڈیا کمپنی کو فروخت بھی کر سکتے ہیں۔

اُنہوں نے اس انٹرویو کے دوران یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ اکثر متنازع ٹوئٹس کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022ء میں ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز میں خریدا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.