وزیر اعظم عمران خان نے دورہ نوشکی کے موقع پر ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ نوشکی پہنچے، وزیراعظم عمران خان نے نوشکی میں جوانوں سے خطاب میں کہا کہ ہماری فوج نے مشکل حالات میں دہشتگردی کےخلاف جنگ لڑی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگری کےلیے پیچھے سے فنڈنگ ہوتی ہے، وہ فنڈنگ کرتے ہیں اور چاہتے ہیں پاکستان کے ٹکڑے ہوں، ان دہشتگردوں کی کوئی بات نہیں سنے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نوشکی میں جو واقعہ ہوا مجھے چین میں اطلاع ملی اور اسی وقت فیصلہ کیا کہ واپس آکر نوشکی جاؤنگا۔
عمران خان نے کہا کہ فوجی جوانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، ساری قوم آپ کےساتھ کھڑی ہے، دہشتگردوں سے جنگ لڑ کر ملک کو محفوظ کیا، اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی قسم کی دہشتگردی کامیاب نہیں ہوسکتی، دہشتگروں کوناکام بنانے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے، ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمی سے پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب ہے، امریکا اوربرطانیہ جیسے ملک میں شدید مہنگائی آئی ہوئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پوری کوشش ہے معاشی حالات اس پوزیشن پر لے جائیں گے لوگوں کی آمدنی بہتر ہو، ہمارے کاروباری اداروں نے ریکارڈ منافع کمایا، ان سے درخواست کرتاہوں ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جتنا فنڈ ہماری حکومت نےلگایا، پہلےکسی حکومت نےنہیں دیا، چمن سے کوئٹہ اور گوادر تک ہائی ویز بنائے، بلوچستان اور قبائلی علاقے، گلگت بلتستان پیچھے رہ گئے، جیسےجیسےمعیشت بہتر ہوگی ان علاقوں پر توجہ دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ سی پیک کا پہلا دور کنکٹیویٹی تھا، سڑکیں بننی تھیں، سی پیک کے اگلے فیز میں سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کا ہوگا، سی پیک فیز ٹو میں انڈسٹریلائزیشن، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت شامل ہے۔
Comments are closed.