پیر17؍شوال المکرم 1444ھ 8 مئی 2023ء

ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کو دیے جانے کا امکان، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

ایشیا کپ کی میزبانی اور بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے متعلق کئی روز سے جاری چہ مگوئیاں بڑھتی جارہی ہیں جن میں آج ایک اور اضافہ ہوگیا۔ اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایونٹ کی میزبانی سری لنکا کو دی جاسکتی ہے۔

ایشیا کپ کی میزبانی کے معاملے پر بھارتی میڈیا کا نیا شوشہ سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا کہ پاکستان سے ایونٹ کی میزبانی لی جاسکتی ہے۔ 

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کو دی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ٹیم بھیجنے کو تیار نہیں۔

اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ستمبر میں یو اے ای میں موسم انتہائی گرم رہتا ہے، ورلڈ کپ سے پہلے یو اے ای میں ٹورنامنٹ کے انعقاد پر باقی ممبرز ممالک نے بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اجلاس میں اومان نے بھی ایشیا کپ کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، تاہم کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے سری لنکا ایک مناسب وینیو ہے۔

رپورٹ میں گزشتہ ایونٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا گیا کہ دبئی میں 2018 میں ہونے والے ایشیا کپ میں کھلاڑیوں کو موسم کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی کا فیصلہ جے شاہ کی انڈین ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے وقت سے ٹیبل پر رہا ہے، ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی کا حتمی فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ بنگلادیش، افغانستان اور سری لنکا ایشیا کپ کی سری لنکا میں کروانے کی حمایت کر چکے ہیں، ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی کے بعد میچز دمبولا اور پالی کیلے میں ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہے، پاکستان ایشیا کپ کی منتقلی پر ایونٹ کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پی سی بی واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہوگا جبکہ پی سی بی بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہائبرڈ ماڈل کی تجویز بھی دے چکا ہے۔

تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل پر براڈکاسٹرز کو بھی تحفظات ہیں۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی اے سی سی عہدیداران سے ملاقات کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی بھارتی میڈیا کی خبروں سے متعلق لاعلم ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.