ایشیاکپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں کیپر بیٹر محمد رضوان اور افتخار احمد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 42 اوورز میں 7 وکٹوں پر 252 رنز بنائے، جس میں محمد رضوان کے 73 گیندوں پر ناقابل شکست 86 رنز شامل ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر کی اننگز میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔
کولمبو کے پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی اوپنرز نے ایک مرتبہ پھر دفاعی حکمت عملی کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، تاہم سری لنکن بولر پرامود مدوشن پاکستانی دفاعی حکمت عملی توڑے میں کامیاب رہے اور 9 کے مجموعے پر 4 رنز بنانے والے فخر زمان کو کلین بولڈ کردیا۔
اوپنر عبداللّٰہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کے درمیان 70 گیندوں پر 64 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم بھارت کے خلاف پانچ وکٹیں لینے والے ویلالاگے نے بابر اعظم کو اسٹمپ آؤٹ کروادیا۔ انہوں نے 35 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
تیسری وکٹ پر عبداللّٰہ شفیق اور محمد رضوان نے ٹیم کے لیے 27 رنز جوڑے۔ عبداللّٰہ شفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
عبداللّٰہ 52 رنز کی اننگز کھیل کر 100 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہیں پتھیرانا نے کیچ آؤٹ کروایا۔
پاکستان کا اسکور 8 رنز آگے بڑھا تھا کہ محمد حارث پریتھانا کی گیند پر انہیں کیچ دے بیٹھے۔ حارث نے صرف 3 رنز بنائے۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد نواز تھے، جنہیں مہیش تھیکشانا نے 130 کے مجموعے پر کلین بولڈ کیا۔ انہوں نے 12 رنز بنائے۔
اس موقع پر بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ تاہم میچ کے بعد اوورز کی مزید کٹوتی کردی گئی اور میچ کو 42، 42 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
بارش کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جہاں رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ پاکستان نے 38ویں اوور میں 200 رنز مکمل کیے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ زیادہ سےزیادہ رنزبناکرسری لنکا پر دباؤ بڑھائیں گے۔
کولمبو: سعود شکیل اور امام الحق پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں انکی جگہ پر فخر زمان اور عبداللّٰہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سری لنکن کپتان داسن شناکا کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اپنے اسپنرز پر بھروسہ ہے، وہ کنڈیشنز سے فائدہ اٹھائیں گے۔
سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان پر مشتمل ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم میں گزشتہ رات اعلان کردہ اسکواڈ میں تبدیلی کردی گئی ہے، جہاں سعود شکیل کو ٹیم میں شامل کیے جانے کے بعد دوبارہ ڈراپ کردیا گیا۔
دوسری جانب آرام کی غرض سے باہر کیے جانے والے فخر زمان پھر پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے جبکہ امام الحق بھی طبیعت کی خرابی کے باعث میچ نہیں کھیل رہے۔
سری لنکن ٹیم کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سمارا وکراما، چریتھ اسالانکا، دھننجیا ڈی سلوا، دیموتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشنا، پرامود مدوشن اور متھیشا پتھیرانا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں پہنچنے کےلیے سری لنکا کے خلاف کامیابی درکار ہے۔ میچ میں شکست یا پھر میچ بارش کی نذر ہونے کی صورت میں پاکستان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
Comments are closed.