ایشیا کپ میں گروپ اے کے اہم میچ میں بھارت نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔
نیپال نے بھارت کو جیت کےلیے 231 رنز کا ہدف دیا، تاہم بارش کے باعث اوورز کی کٹوتی کے بعد ہدف 23 اوورز میں 145 رنز کردیا گیا جو بھارت نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔
پالی کیلے گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیپال کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیپال کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر ہی 65 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، جہاں 38 رنز بنانے کے بعد کوشال بھرتل آؤٹ ہوئے۔
اسکے بعد بھارتی بولرز نے نیپالی بیٹرز پر دباؤ بڑھایا اور وقفے وقفے سے وکٹیں لینے کا سلسلہ شروع کیا لیکن دوسرے اوپنر آصف شیخ نے بھی رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
آصف شیخ 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو گلشن جھا نے 23 اور دپیندرا سنگھ نے 29 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔
نیپالی ٹیم 144 کے مجموعے پر 6 وکٹوں سے محروم ہوئی تو سومپال کامی نے 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 230 کے ہندسے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ نیپال کی ٹیم 49ویں اوور میں آل آؤٹ ہوئی۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جاڈیجا اور محمد سراج نے تین تین جبکہ محمد شامی، ہاردیک پانڈیا اور شردل ٹھاکر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارتی ٹیم نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تیسرے اوور کی پہلی گیند کے کھیل تک پہنچنے کے ساتھ ہی میدان میں بارش شروع ہوگئی جس کے بعد میچ روک دیا گیا۔
بارش کے بعد دورباہ میچ کا آغاز ہوا تو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت بھارت کو جیت کےلیے 23 اوورز میں 145 رنز کا ہدف ملا۔
بارش کے بعد جب دوبارہ میچ کا آغاز ہوا تو کپتان روہیت شرما اور نوجوان بیٹر شبمن گل نیپال پر اس طرح حاوی ہوئے کہ ڈیبیوٹنٹ ٹیم کو میچ میں واپس آنے کا موقع نہیں دیا۔
روہیت شرما نے 74 اور شبمن گل نے 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔
ٹاس کے بعد بوندا باندی شروع ہوئی تھی جس وجہ سے کچھ دیر کے لیے گراؤنڈ کو ڈھانپ دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔
نیپال کے خلاف فتح اور پھر بھارت کے خلاف ایک پوائنٹ ملنے کے بعد پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کےلیے کوالیفائی کر لیا تھا۔
Comments are closed.