ایشیاکپ 2023 میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں کل ایونٹ کی میزبان پاکستان اور اسٹیڈیم کی میزبان سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اہم ترین میچ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کر گیا ہے جہاں فاتح ٹیم اتوار کو ٹائٹل کےلیے بھارت سے ٹکرائے گی۔
سپر فور میں ہی بھارت کے خلاف بھاری مارجن سے شکست کے پاکستان ٹیم کا رن ریٹ سری لنکا کے رن ریٹ سے بھی نیچے چلا گیا جس کی وجہ سے بارش کی صورت میں سری لنکن ٹیم فائنل کےلیے کوالیفائی کرجائے گی۔
میچ سے قبل قومی ٹیم کو انجری اور خراب فارم جیسے مسائل کا سامنا ہے جو آج فائنل الیون کے اعلان پر بھی نظر آگیا اور ٹیم مینجمنٹ نے سری لنکا کے خلاف میچ کےلیے تقریباً آدھی ٹیم ہی تبدیل کردی۔
نسیم شاہ اور سلمان علی آغا انجری کا شکار ہونے کے بعد ٹیم سے باہر ہوئے تو فخر زمان، حارث رؤف اور فہیم اشرف کو آرام دیا گیا ہے۔ انکی جگہ پر محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان کو اسکواڈ کا حصہ بنادیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم نے میچ سے ایک روز قبل بھرپور پریکٹس سیشن کیا جس میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کی مشق کیں۔
ایشیا کپ کے اس اہم ترین میچ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ میں وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔
متعدد موسمیات کی ویب سائٹس اور محکمہ موسمیات سری لنکا نے 14 ستمبر کو پاکستان کے میچ کے دوران تین مرتبہ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دوپہر شام اور رات کے اوقات میں وقفے وقفے سے بارش کے سلسلے کا امکان ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سپر فور کا آخری میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
Comments are closed.