ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں پاکستان کے خلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے جہاں وہ 23 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہوگئی۔
دبئی میں کھیلے جارہے اس فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں 2 کے مجموعے پر پہلی گیند کھیلنے والے کوشل مینڈس کو بولڈ کردیا تھا۔
ایک جانب جہاں دھننجیا ڈی سلوا رنز بنا رہے تھے تو دوسری جانب حارث رؤف نے 8 رنز بنانے والے پاتھم نسانکا کو 23 کے مجموعے پر کیچ کروایا جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔
دبئی میں کھیلے جارہے اس فائنل مقابلے کے لیے قومی ٹیم میں عثمان قادر اور حسن علی کی جگہ پر شاداب خان اور نسیم شاہ کی واپسی ہوئی ہے۔
کپتان بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستان ٹیم میں محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، شاداب خان، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
سری لنکا کی ٹیم کپتان دسن شناکا،کوشل مینڈس، پاتھم نسانکا، دھننجیا ڈی سلوا، دنوشکا گوناتھیلاکا، بھانوکا راجاپکسے، چمیکا کرونارتنے، ونندو ہسارانگا ڈی سلوا، مہیش تھیکشنا، پراموڈ مدوشن اور دلشن مدھوشنکا پر مشتمل ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا فائنل میں پہنچنے کا سفر دلچسپ رہا جہاں دونوں ہی ٹیموں کو ایونٹ کے پہلے ہی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان ٹیم نے پہلے مرحلے میں بھارت سے شکست کے بعد ہانگ کانگ کو ہرایا اور ایونٹ کے دوسرے مرحلے یعنی سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
سپر فور میں قومی ٹیم نے بھارت کو ہراکر اپنا بدلہ لیا جبکہ افغانستان کو بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اسے اور بھارت کو ایونٹ میں فائنل کی دوڑ سے آؤٹ کیا اس کے ساتھ ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
سری لنکا کی بات کی جائے تو پہلے مرحلے کے پہلے ہی میچ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس کے بعد شناکا الیون نے بنگلہ دیش کو شکست دی اور دوسرے مرحلے میں پہنچے۔
سپر فور مرحلے میں سری لنکا نے مزید بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور افغانستان سے بدلہ لینے کے بعد بھارت کو بھی شکست دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ سپر فور کے ڈیڈ ربر میچ میں یہ پاکستان کے خلاف بھی کامیاب رہا۔
Comments are closed.