ایشیا کپ 2022 کا فائنل آج شام 7 بجے دبئی اسٹیڈیم میں 2 سابق چیمپئن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
افغانستان کے خلاف میچ کے ہیرو نسیم شاہ اور شاداب خان کی آج ٹیم میں واپسی ہو گی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاہنواز دھانی بھی آج کی فائنل الیون کا حصہ ہو۔
نسیم شاہ اور شاداب خان کی عدم موجودگی کے سبب سری لنکا نے ایونٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم سے شکست کے باوجود قومی ٹیم ایشیا کپ جیتنے کے لیے فیورٹ ہے۔
دونوں ٹیموں کے بیٹرز اور بولرز کے درمیان آج کڑے مقابلے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم 11ویں مرتبہ ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے جارہی ہے جبکہ قومی ٹیم کو پانچویں مرتبہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
پاکستان ٹیم اب تک صرف دو مرتبہ یہ ایونٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ سری لنکنز پانچ مرتبہ ٹرافی اٹھاچکے ہیں، لیکن اگر بات کی جائے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوئے فائنلز مقابلوں کی تو یہ مواقع صرف تین مرتبہ آئے ہیں۔
ایشیا کپ کے اب تک جتنے بھی فائنلز میں دونوں ٹیمیں مدِ مقابل آئیں وہ ون ڈے فارمیٹ پر کھیلے گئے تھے جبکہ یہ پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فائنل کھیلنے جارہی ہیں۔
Comments are closed.