بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی ایشیا کپ 2022 میں بروز اتوار 28 اگست کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف بریک کے بعد دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ویرات کوہلی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ 10 برسوں میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ اُنہوں نے ایک مہینے تک بیٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگایا۔
کوہلی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ذہنی تھکاوٹ کا شکار تھے اس لیے اُنہیں بریک کی ضرورت تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ میری زندگی میں یہ وہ وقت تھا جب میں خود کو اس بات پر آمادہ کر رہا تھا کہ مجھے کھیلنا ہے لیکن میری باڈی یہ کہہ رہی تھی کہ مجھے آرام کرنا چاہیے تب مجھے یہ احساس ہوا کہ میں اپنے ساتھ غلط بیانی کر رہا ہوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا دماغ مجھے بتا رہا تھا کہ مجھے بریک لے کر کچھ وقت کھیل سے دور گزارنا چاہیے۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ میں ذہنی طور پر بہت مضبوط لگتا ہوں اور مضبوط ہوں بھی، لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے اور اس حد کو قائم رکھنا ضروری ہوتا ہے ورنہ یہ ایک غیر صحت مندانہ عمل ثابت ہوتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے زندگی کے اس وقت سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور آج مجھے یہ بتانے میں بھی کوئی شرمندگی محسوس نہیں ہو رہی کہ میں ذہنی طور پر تھکاوٹ کا شکار تھا کیونکہ یہ ایک عام سی بات ہے لیکن ہمارے معاشرے میں اس بارے میں بات کرتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس کی جاتی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگ یہ حقیقت دوسروں کےسامنے نہیں آنے دینا چاہتے کہ ہم دماغی طور پر تھکے ہوئے ہیں۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ یقین کریں اپنی صحت کے بارے میں غلط بیانی کرنا اپنی کمزوری تسلیم کرنے سے زیادہ بری چیز ہے۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے دورۂ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے لیےاسکواڈ شامل نہیں تھے۔
تاہم، اب وہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
Comments are closed.