ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاکرے کے لیے پاکستان کی فائنل الیون کو حتمی شکل دی جانے لگی۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں کو گزشتہ روز ٹریننگ سیشن میں ترجیح دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اپنے فاسٹ بولرز کو آج آرام کروانے کا امکان ہے جبکہ آپشنل ٹریننگ سیشن میں چند بیٹرز ہی شرکت کریں گے۔
جمعہ کو نیٹ سیشن میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان اور افتخار احمد کو ترجیح دی گئی جبکہ آصف علی، خوشدل شاہ اور شاداب خان نے پاور ہٹنگ کی مشقیں کیں۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد نواز، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین کو بولنگ میں ترجیح دی گئی۔
ذرائع کے مطابق حسن علی کل دبئی پہنچتے ہیں تو تجربے کی وجہ سے انہیں بھی فائنل الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حسن علی کو محمد وسیم جونیئر کے ایشیا کپ سے باہر ہونے پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی پہلے ہی گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں، شاہین کی جگہ محمد حسنین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں دبئی اسٹیڈیم میں آج شام 7 بجے افتتاحی میچ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کل میچ ہو گا۔
Comments are closed.