ایشیا کپ میں گروپ اے کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کےلیے 267 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے بولنگ سے میچ کا آغاز کیا۔
میچ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اس وقت بھارت نے 4 اعشاریہ 2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنا لیے تھے۔
بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے فوراً ہی پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے بھارتی کپتان کو 11 رنز پر بولڈ کردیا۔
شاہین آفریدی نے اننگز کے 5ویں اوور میں 15 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
اننگز کے 6 اعشاریہ 3 اوور میں شاہین آفریدی نے 27 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ بھی حاصل کی جب انہوں نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔
بھارت کی تیسری وکٹ حارث رؤف نے 48 رنز پر حاصل کی جب انہوں نے شریاس ایئر کو 14رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔
شبمن گل اور ایشان کشن نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 66 کے مجموعے پر گِل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا، انہوں نے 10 رنز بنائے۔
اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ایشان کشن اور ہاردیک پانڈیا نے اپنی ٹیم کےلیے ریسکیو عمل شروع کیا اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 138 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر بڑے ٹوٹل کی گھنٹی بجادی۔
دونوں بیٹرز نصف سنچریاں ممکمل کرنے کے بعد سنچری کی جانب گامزن تھے کہ حارث رؤف نے بلآخر 38ویں اوور میں اس خطرناک پارٹنرشپ کو توڑ دیا۔
انہوں نے ایشان کشن کو کیچ آؤٹ کروایا، کشن نے 81 گیندوں پر 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
انکے بعد شاہین آفریدی نے اپنے آٹھویں اوور میں پہلے ہاردیک پانڈیا اور پھر رویندرا جاڈیجا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔
ہاردیک پانڈیا نے دباؤ کے باوجود 87 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جبکہ رویندرا جاڈیجا نے 14 رنز بنائے۔
اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کو کیچ آؤٹ کروا کر بھارت کے بڑے ٹوٹل کی جانب سفر کو بریک لگادی۔
اختتامی لمحات میں جسپریت بومرا نے 16 رنز بنا کر ٹیم کو 266 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔ 49ویں اوور میں نسیم شاہ نے پہلے کلدیپ یادیو اور پھر جسپریت بومرا کو کیچ آؤٹ کروایا۔
پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں فاسٹ بولرز نے لیں۔ شاہین آفریدی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی اننگز کے بعد اسٹیڈیم میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث ایک گھنٹہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود پاکستان کی اننگز کا آغاز نہ ہوسکا۔
خیال رہے کہ پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ اچھا اسکور کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔
بھارت کے خلاف آج بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف میچ کھیلیں گے۔
بھارت کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، شریاس ائیر، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شردل ٹھاکر، جسپرت بمراہ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو شامل ہیں۔
آج کے میچ سے متعلق جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اس میچ میں پاکستان ٹیم مضبوط ہے۔
اسی پروگرام میں سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ بھارت کی ٹیم تذبذب کا شکار ہے، پلیئنگ کنڈیشنز کو دیکھ کر کپتان آخری لمحات میں کچھ فیصلے لیتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان ٹیم کے سابق وکٹ کیپر معین خان نے کہا کہ اس کنڈیشنز میں اگر پاکستان پہلے بولنگ کرے تو فائدہ ہوگا، بڑا میچ ہے اور موسم کی وجہ سے کپتان اپنے منصوبے میں تھوڑی تبدیلی کرتے ہیں۔
اس پروگرام میں سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو نے کہا کہ دونوں ٹیمیں اچھی ہیں۔
Comments are closed.