بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایشیا کپ: بھارت کا سری لنکا کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف

ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دے دیا۔

دبئی میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بولنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ 

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔

لوکیش راہول 6 اور کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد روہیت شرما نے ٹیم کو سنبھالا اور سریا کمار یادو کے ساتھ 58 گیندوں پر 97 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔ 

اس کے بعد سری لنکن بولرز نے واپسی کی جہاں روہیت شرما اور سریا کمار یادو کی وکٹیں لے کر بھارت کی رنز کی رفتار کو بریک لگادی۔ 

روہیت شرما 72 اور سریا کمار یادو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ان کے بعد سری لنکن بولرز کے ایکسٹراز، ہاردیک پانڈیا اور ریشبھ پنت کے 17، 17 رنز جبکہ روی ایشون کے 15 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم 173 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ 

سری لنکا کی جانب سے دلشن مدھوشنکا 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں بولر رہے جبکہ چمیکا کرونارتنے اور دسن شناکا کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔

اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بھارتی ٹیم میں روی بشنوئی کی جگہ پر روی ایشون کو شامل کیا گیا۔ 

سری لنکا کی ٹیم کپتان دسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، چریتھ اسلانکا، دنوشکا گوناتھیلاکا، بھانوکا راجاپکسے، ونندو ہسارانگا ڈی سلوا، چمیکا کرونارتنے، مہیش تھیکشنا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشن مدھوشنکا پر مشتمل ہے۔ 

بھارتی ٹیم میں کپتان روہیت شرما، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، سریاکمار یادیو، ریشبھ پنت، دیپک ہوڈا، ہاردیک پانڈیا، بھونیشور کمار، روی ایشون، ارشدیپ سنگھ اور یوزویندر چہیل شامل ہیں۔ 

خیال رہے کہ دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو شکست دی تھی جبکہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

واضح رہے کہ اگر اس میچ میں بھارت کو شکست ہوئی تو اس کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم ہوجائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.