ایشیا کپ 2022 کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 106 رنز کا ہدف افغانستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 11ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
چھوٹے ہدف کے تعاقب میں رحمان اللّٰہ گرباز نے 18 گیندوں پر 40 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
حضرت اللّٰہ زازئی نے 37 جبکہ ابراہیم زادران نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے ہراسنگا ڈی سلوا ایک وکٹ لے کر نمایاں بولر رہے۔
اس سے قبل افغان بولرز کے سامنے سری لنکن بلے باز بے بسی کی تصویر بنے رہے جہاں ٹاپ آرڈر کے 3 بلے باز صرف 5 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
ایسے میں 17 رنز بنانے والے دھنوشکا گناتھیلاکا اور 38 رنز بنانے والے بھانوکا راجاپکسے نے 44 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو کچھ حد تک سکون فراہم کیا، تاہم اس پارٹنر شپ کے ختم ہوتے ہی ایک مرتبہ پھر سری لنکن وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔
سری لنکن ٹیم جب 75 رنز پر 9 وکٹوں سے محروم ہوگئی تو ایسے میں چمیکا کرونارتنے نے 31 رنز بنا کر ٹیم کو 105 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی 11 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
ٹاس:
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ وکٹ فریش لگ رہی ہے، ہم اس وکٹ پر چانس لینا چاہ رہے ہیں۔
سری لنکا کے کپتان دسن شناکا کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے۔
افغانستان ٹیم:
محمد نبی کی قیادت میں افغانستان ٹیم حضرت اللّٰہ زازئی، رحمان اللّٰہ گرباز، ابراہیم زادران، کریم جنت، نجیب اللہ زادران، راشد خان، عظمت اللّٰہ عمر زائی، نوین الحق، مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی پر مشتمل ہے۔
سری لنکا ٹیم:
سری لنکا کی قیادت دسن شناکا کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں دنشکا گناتھیلاکا، پاتمھم نسانکا، کوشل مینڈس، چریتھ اسالانکا، بھانوکا راجا پکسا، ہراسنگا ڈی سلوا، چمیکا کرونارتنے، مہیش تھیکشانا، دلشن مادوشنکا اور متھیشا پتھیرانا شامل ہیں۔
Comments are closed.