ایشیا کپ میں گروپ اے کے اہم میچ میں نیپال نے بھارت کو جیت کےلیے 231 رنز کا ہدف دے دیا۔
پالی کیلے گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیپال کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیپال کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر ہی 65 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، جہاں 38 رنز بنانے کے بعد کوشال بھرتل آؤٹ ہوئے۔
اسکے بعد بھارت بولرز نے نیپالی بیٹرز پر دباؤ بڑھایا اور وقفے وقفے سے وکٹیں لینے کا سلسلہ شروع کیا لیکن دوسرے اوپنر آصف شیخ نے بھی رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
آصف شیخ 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو گلشن جھا نے 23 اور دپیندرا سنگھ نے 29 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔
نیپالی ٹیم 144 کے مجموعے پر 6 وکٹوں سے محروم ہوئی تو سومپال کامی نے 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 230 کے ہندسے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ نیپال کی ٹیم 49ویں اوور میں آل آؤٹ ہوئی۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جاڈیجا اور محمد سراج نے تین تین جبکہ محمد شامی، ہاردیک پانڈیا اور شردل ٹھاکر نے ایک ایک آؤٹ کیا۔
بھارتی ٹیم نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تیسرے اوور کی پہلی گیند کے کھیل تک پہنچنے کے ساتھ ہی میدان میں بارش شروع ہوگئی جس کے بعد میچ روک دیا گیا۔
ٹاس کے بعد بوندا باندی شروع ہوئی تھی جس وجہ سے کچھ دیر کے لیے گراؤنڈ کو ڈھانپ دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔
ایک پوائنٹ ملنے کے بعد پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ نیپال اور بھارت کی ٹیموں میں سے ایک ٹیم آج ایونٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
Comments are closed.