ہفتہ 24؍محرم الحرام 1445ھ12؍اگست 2023ء

ایشیاکپ، افغانستان سیریز: پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، سعود، فہیم، طیب شامل

ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ ٹیم میں فہیم اشرف، طیب طاہر اور ٹیسٹ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سعود شکیل کو بھی شامل کرلیا گیا۔ 

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اے سی سی ایشیا کپ کےلیے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کیا۔

سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کےلیے 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم وہ ایشیا کپ کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے جس میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے 9 میچز کو ری شیڈول کیا ہے، نئے شیڈول میں پاکستان کے 3 میچز شامل ہیں۔

ایشیا کپ کےلیے 17 رکنی پاکستانی ٹیم بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، محمد رضوان، محمد حارث، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ 

افغانستان کے خلاف سیریز کےلیے 18 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)،  شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد حارث، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور  شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ 

سلیکٹرز نے اس سال اپریل مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے والے اسکواڈ سے دو تبدیلیاں کی ہیں جہاں طیب طاہر اور فہیم اشرف کو شان مسعود اور احسان اللّٰہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ سعود شکیل کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

فہیم اشرف دو سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم میں مزید توازن ہوگا۔ وہ آخری بار جولائی 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے تھے۔

طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

طیب طاہر پاکستان کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔ انہوں نے حال ہی میں اے سی سی ایمرجنگ کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف 128 رنز کی جیت میں سنچری کے ذریعے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سعود شکیل پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

انہوں نے آخری بار مارچ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے 348 رنز کا ہدف عبور کر کے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے ہیں جبکہ احسان اللّٰہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں۔

پچاس اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ 2008ء کے بعد پاکستان کسی ملٹی نیشنل ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور گروپ بی میں 3 ستمبر کو بنگلادیش اور افغانستان جبکہ 5 ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی میزبانی کرے گا۔

اس کے علاوہ 6 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان سپر فور کا میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے دو میچز ہمبنٹوٹا میں 22 اور 24 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 26 اگست کو کولمبو میں ہوگا۔

پاکستان میں موجود کرکٹرز 17 اگست کو سری لنکا روانہ ہوں گے۔ یہ کرکٹرز 14 سے 16 اگست تک قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تین روزہ کیمپ میں حصہ لیں گے۔

لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) اور دا ہنڈریڈ میں حصہ لینے والے کرکٹرز 18 اگست کو براہ راست سری لنکا میں ٹیم جوائن کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.