
ایشیاء کپ کے ٹورنامنٹ کا بڑا مقابلہ آج دبئی میں ہو گا، جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج مدِ مقابل ہوں گی۔
ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کے ہائی وولٹیج میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری 5 میچز کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو بھارت کا پلڑا بھاری ہے، اس نے 5 میں سے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں 180 رنز سے شکست، پھر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاہین آفریدی کی بولنگ، بابر اعظم اور رضوان کی بیٹنگ کی وجہ سے بھارت کو عبرت ناک شکست ہوئی تھی جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر انجری کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں لیکن حارث رؤف، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور محمد حسنین جیسے بولر اپنی رفتار سے مخالف ٹیم کو ڈھیر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
توقع ہے کہ پاکستان آج 6 بیٹرز، 2 اسپنرز اور 3 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول اننگز کا آغاز کریں گے۔
ایشیاء کپ کے اس اعصاب شکن مقابلے میں جوش اور ولولے کے ساتھ اعصاب پر قابو رکھنا ہوگا۔
ایشیاء کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل کراچی میں جوش و خروش بڑھنے لگا، کئی مقامات پر بڑی اسکرین پر میچ دیکھا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اسی گراؤنڈ پر پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹ سے شکست دی تھی۔
Comments are closed.