پاکستان کے سب سے کامیاب ٹیسٹ بیٹر یونس خان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2023ء بھارت کے بغیر بھی ہو سکتا ہے، پاکستان کو اپنے مؤقف کے لیے ڈٹ جانا چاہیے۔
یونس خان نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایشیاکپ 2023 کے لیے پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایشیا کپ کا مقام پاکستان سے تبدیل کیا جاتا ہے تو پاکستان کو خود یہ ٹونامنٹ کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے، اگر بھارت پاکستان نہیں آنا چاہتا تو یہ ان کی مرضی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگلے سال ورلڈ کپ بھی آنا ہے جو کہ بھارت میں ہونا ہے، اگر ہم نے بھی کہہ دیا کہ ہم بھارت نہیں جا رہے کھیلنے کے لیے تو پھر مزہ کیا آئے گا۔
یونس خان نے مزید کہا کہ بیچ کا رستہ کوئی نہیں ہے، کھیلنا چاہیے، صرف بی سی سی آئی نہیں ہے، اے سی سی آئی اور آئی سی سی کو بھی اس مسئلے کا حل سوچنا چاہیے اور کردار ادا کرنا چاہیے۔
یونس خان نے کہا کہ اگر وہ پاکستان نہیں آتے اور آئی سی سی ایشیا کپ کا وینیو تبدیل کرتا ہے تو پھر پاکستان کو بھی ڈٹ جانا چاہیے اور کسی اور ملک جا کر کھیلنے سے انکار کر دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں بھارت میں جبکہ ایشیا کپ 2023ء پاکستان میں ہونا طے پایا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آئے گی جس پر ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارت اگلے سال ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں آیا تو پاکستان بھی آئندہ سال ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گا۔
Comments are closed.