کراچی میں منعقدہ ایس جونیئر گالف لیگ میں بوائز ایلیٹ کیٹیگری کا ایونٹ عمر خالد نے جیت لیا۔
ڈی ایچ اے گالف کلب میں ہونے والی اس چیمپئن شپ میں 6 سے 21 سال کی عمر کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
ایس جونیئر گالف لیگ کے مقابلے کراچی میں پہلی مرتبہ منعقد ہوئے، جس کا مقصد نوجوان گالفرز کی حوصلہ افزائی اور گالف کے لیے مستقبل کا ٹیلنٹ تلاش کرنا تھا۔
بوائز ایلیٹ میں 18 سے 21 سال کی عمر کے گالفرز شریک تھے۔
پاکستان کے مایہ ناز ایمچر گالفر 19 سالہ عمر خالد نے مقابلہ 4 انڈر پار کے اسکور کے ساتھ جیت لیا۔
18 ہولز پر ہونے والے اس ایونٹ میں عمر انتسار 4 اوور پار کے ساتھ دوسرے اور 18 سالہ حیدر بلال تیسرے نمبر پر رہے۔
گرلز ایلیٹ میں دانیہ سعید پہلی اور ابیہہ سعید دوسری پوزیشن پر رہیں۔
14 سے 18 سال کی عمر کے درمیان البٹروس کیٹیگری کا مقابلہ 17 سالہ حمزہ اعظم نے 2 اوور پار کے اسکور کے ساتھ جیت لیا، جمیل خان دوسرے اور عبداللّٰہ راجہ تیسرے نمبر پر رہے۔
13 سالہ عبداللّٰہ بلال نے 10 سے 14 سال کے گالفرز کی ایگلز کیٹیگری کا مقابلہ جیت لیا، اسماعیل نے اس کیٹیگری میں دوسری اور رافع نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
6 سے 10 سال کی عمر کے کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی برڈی کیٹیگری 10 سالہ بہزاد مرتضیٰ نے جیت لی، مصطفیٰ مقبول دوسرے نمبر پر رہے۔
ایس جونیئر لیگ کی بانی ڈاکٹر اسما شامی کا کہنا تھا کہ ایونٹ کا مقصد نوجوان گالفرز کی حوصلہ افزائی اور مستقبل کے لئے گالفرز کی تلاش اور ان کو تیار کرنا ہے، وہ اس ایونٹ کو دیگر شہروں میں بھی لے کر جانا چاہتی ہیں۔
Comments are closed.