پیر26؍رمضان المبارک 1444ھ17؍اپریل 2023ء

ایران میں یوکرین کا مسافر طیارہ گرانے والے اہلکاروں کو سزائیں

ایران کی عدالت نے یوکرین کا مسافر طیارہ گرانے کے الزام میں 10 سیکیورٹی اہلکاروں کو قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

جنوری 2020 میں ایران کی فوج نے تہران میں یوکرین کے طیارے کو 2 میزائل حملوں سے مار گرایا تھا، جہاز حادثے میں تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کی عدالت نے فوج کے کمانڈر کو 10 سال جبکہ دیگر اہلکاروں کو ایک سے 3 سال تک قید کی سزا سنائی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عدالت نے ملزمان کو جہاز حادثے کے متاثرین کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا بھی حکم دیا ہے، ایران کی جانب سے سزا یافتہ اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ایرانی میڈیا نے اپنی عدالت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس مقدمے میں 117 مدعی شامل تھے، جن میں سے 55 نے عدالت میں گواہی دی، جبکہ 20 وکلاء نے ان کی نمائندگی کی۔

واضح رہے کہ 8 جنوری 2020 کو ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے تہران سے اڑان بھرنے والی یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز (PS752) کو میزائل حملوں سے مار گرایا تھا جس سے جہاز میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق جہاز میں سوار مسافروں کی اکثریت ایرانی شہریوں کی تھی، طیارے میں کینیڈا، یوکرین، برطانیہ اور افغانستان کے مسافر بھی سوار تھے۔

ایران نے ابتدائی طور پر جہاز کو میزائل حملوں سے تباہ کرنے کی ذمہ داری  لینے سے انکار کردیا تھا لیکن تین دن بعد طیارہ گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے ایک تباہ کن غلطی قرار دیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.